English   /   Kannada   /   Nawayathi

دلی ائیرپورٹ پر عازمین حج کے لئے منعقد تقریب سے دلی حکومت نے بنائی دوری، اٹھے سوال

share with us

نئی دہلی۔:14؍جولائی2018(فکروخبر/ذرائع) ہندوستانی عازمین حج کے سفر حج کیلئے آج سے پروازیں شروع ہوگئی ہیں۔ اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئر پورٹ ٹرمنل - 2 سے عازمین حج کا پہلا قافلہ روانہ ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ پورے ملک سے آج تقریباً تین ہزار عازمین حج سعودی عرب کے لئے روانہ ہوں گے۔دلی میں عازمین حج کو روانہ کرنے کے لئے ایئرپورٹ پر ہی ایک تقریب کا انتظام کیا گیا تھا جس میں مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے شرکت کی۔ انہوں نے عازمین حج سے جا کر ملاقات کی اور دعائیں کرنے کی گزارش کی۔مختار عباس نقوی نے اپنے خطاب میں عازمین حج کو مبارکباد پیش کی۔ اقلیتی وزیر نے ملک کی خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا کی اپیل کرتے ہوئے اس حج کو تاریخی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بار ایک لاکھ 75 ہزار عازمین حج کے لیے جارہے ہیں جو تعداد کے لحاظ سے اب تک سب سے زیادہ ہے۔ دوسری طرف یہ حج اس لئے بھی خاص ہے کہ بغیر سبسڈی کے عازمین حج سفر کے لیے جا رہے ہیں۔اس موقع پر خاص بات یہ رہی کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال یا نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے اس بار حج تقریب سے دوری بنائے رکھی۔ دہلی کے حج امور کے وزیر کیلاش گہلوت کا نیم پلیٹ لگایا گیا تھا، لیکن اس کے باوجود وہ نہیں آئے۔ دہلی کے وزیر برائے خوراک ورسد عمران حسین بھی بہت تاخیر سے آئے۔ ان کے آنے سے قبل مرکزی وزیر مختار عباس نقوی واپس جا چکے تھے۔ مرکزی وزیر کے خطاب کے بعد عمران حسین پہنچے اور پھر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے ملک میں امن و امان اور خوشحالی کے لئے دعا کی اپیل کی۔ اس کے علاوہ سینٹرل حج کمیٹی کے چیئرمین محبوب علی قیصر بھی پروگرام میں شامل نہیں ہوئے۔ اس سے اس بات کی قیاس آرائی کی جارہی ہے کہ مختار عباس نقوی اور ان کے درمیان رشتوں میں حج معاملات کو لے کر تلخی آ گئی ہے جس کی بناء پر وہ نہیں آئے۔

واضح رہے کہ پہلے روز پانچ امبارکیشن پوائنٹ سے عازمین حج سفر حج کیلئے روانہ ہو رہے ہیں جس میں دہلی سے 1230 عازمین حج، سری نگر سے 800 عازمین حج، لکھنؤ سے 600 عازمین حج، گوہاٹی سے 256 عازمین حج اور گیا سے 150 عازمین حج سفر حج کیلئے روانہ ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر عمران حسین، دہلی حج کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد اشراق، اور مرکزی حج کمیٹی کے رکن عرفان احمد، دہلی حج کمیٹی کے رکن فیروز احمد، سیما طاہرہ، وغیرہ موجود رہے اور عازمین کی دیکھ بھال اور رہنمائی کی۔

قابل ذکرِ ہے کہ مرکزی حج کمیٹی سے روانہ ہونے والے عازمین حج کی روانگی کا سلسلہ 14 جولائی سے شروع ہو گیا ہے جو 14 اگست تک جاری رہے گا۔ دہلی سے آج تین پروازیں روانہ ہوں گی۔ پہلی فلائٹ 11:30 بجے روانہ ہوئی جبکہ دوسری فلائٹ شام 4 بجے اور تیسری فلائٹ رات 8 بجے روانہ ہوگی۔ اس سال مرکزی حج کمیٹی سے ایک لاکھ 28 ہزار 7 سو 2 عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا