English   /   Kannada   /   Nawayathi

غزہ کی ناکہ بندی توڑنےکی کوشش ناکام، 8 کارکن گرفتار

share with us

غزہ:11؍جولائی2018(فکروخبر/ذرائع)قابض صہیونی بحریہ نے غزہ کی پٹی کی بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کرنے والے ایک بحری قافلے پر شب خون مار کر کشتیوں میں سوار آٹھ امدادی کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔فلسطینی میڈیا رپورٹ  کے مطابق غزہ کی پٹی سے 'سفینہ حریت 2' میں متعدد کشتیوں نے بحری ناکہ بندی توڑ کر عالمی سمندری حدود کی طرف بڑھنے کی کوشش کی تو صہیونی بحریہ نے کشتیوں کو گھیرے میں لینے کے بعد ان میں سوار آٹھ کارکنوں کو حراست میں لے لیا جب کہ کشتیوں کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ادھر اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخائی ادرعی نے 'فیس بک' پر پوسٹ ایک بیان میں کہا کہ بحریہ نے فلسطینیوں کی ایک کشتی کو کھلے سمندر کی طرف بڑھنے کی کوشش پر روکا اور اس میں سوار تمام آٹھ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشتی پر سوار فلسطینیوں کی شناخت کے بعد انہیں اسدود کے فوجی اڈے پر منتقل کر دیا گیا ہے۔قبل ازیں غزہ کی پٹی ناکہ بندی توڑنے کے لیے سرگرم قومی کمیٹی نے بتایا تھا کہ سمندر میں روانہ ہونے کی کچھ دیر بعد کشتی پرسوار افراد سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ انسداد ناکہ بندی کمیٹی کا کہنا ہے کہ کشتی پر زخمی، مریض اور طلبا سوار تھے جو ناکہ بندی توڑ کر یورپ کی طرف جانے کا ارادہ رکھتے تھے۔سپریم کمیٹی برائے انسداد ناکہ بندی غزہ کے رکن  ھانی الثوابتہ نے بتایا کہ اسرائیل نے بارہ سال سے غزہ پر پابندیاں عاید کر رکھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم صہیونی ریاست کے ظلم کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے بلکہ اپنے جائز حقوق کے حصول اور ظلم کے خلاف جدو جہد جاری رکھیں گے۔خیال رہے کہ غزہ میں انسداد معاشی ناکہ بندی کمیٹی نے 29 مئی کو'سفینہ حریت 1' کے عنوان سے ایک قافلہ عالمی سمندر میں روانہ کیا تھا مگر قابض فوج نے اس کوشش کو بھی ناکام بنا دیا تھا۔ گذشتہ روز اسی سلسلے کا دوسر قافلہ روانہ کیا مگرقابض فوج نے اس پر بھی شب خون مار کرغزہ کی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا