English   /   Kannada   /   Nawayathi

تمام نبوی دعاؤں کی جامع دعا

share with us

 

قسط ۳۵؂ 

عبدالنور عبدالباری فکردے ندوی


حضرت ابوامامہؓ سے روایت ہے کہ حضورﷺنے بہت سی دعائیں بتائی جو ہمیں یاد نہیں رہی ،تو ہم نے آپﷺسے عرض کیا کہ یا رسول اللہﷺآپ نے بہت سی دعائیں فرمائی تھی ان کو ہم یا د نہیں رکھ سکے (اور چاہتے یہ ہیں کہ اللہ سے وہ سب دعائیں مانگیں تو کیا کریں )آپﷺنے فرمایا، میں تمھیں ایسی دعا بتائے دیتا ہوں ،جس سے ساری چیزیں جمع ہوجائے ،اللہ تعالی کے حضور میں یوں عرض کرو 
الّلھّم انانسألک من خیر ما سالک منہ نبیک محمدﷺونعوذبک من شرّما استعاذمنہ نبیک محمدﷺوآنت المستعان وعلیک البلاغ ولا حول ولا قوۃ الا باللہ ) اے اللہ !ہم تجھ سے وہ سب مانگتے ہیں جو تیرے نبی محمدﷺنے تجھ سے مانگا ،اور ہم ان سب چیزوں سے تیری پناہ چاہتے ہیں جن سے تیرے نبی محمدﷺنے تیری پناہ چاہی ،بس توہی ہے جس سے مدد چاہی جائے اور تیرے ہی کرم پر موقوف ہے مقاصد اور ارادوں تک پہونچنا ،اور کسی مقصد کے لئے سعی وحرکت اور اس کوحاصل کرنے کی قوت وطاقت بس اللہ ہی سے مل سکتی ہے۔(ترمذی۳۵۲۱)
[ف۔ا] حضورﷺسے منقول دعائیں بقول حضرت مولانا سید ابوالحسن علی ندوی ؒ ’’کہ محمدﷺ(ارواحناونفوسنافداہ)نے محروم ومحجوب انسانیت کو دوبارہ دعا کی دولت عطا فرمائی ،اور بندوں کو خداسے ہمکلام کردیا ،اور دعا کی کیا دولت عطا فرمائی بندگی کی بلکہ زندگی کی لذت اور عزت عطا فرمائی ،اس مطرود انسانیت کو پھر اذن باریابی ملااورآدم کا بھاگا ہوا فرزند پھر اپنے خالق ومالک کے آستانہ کی طرف واپس ہوا ،آپ نے اپنے مالک سے ان الفاظ میں دعاکی جن سے زیادہ مؤثر اور بلیغ الفاظ جن سے زیادہ موزوں ومناسب الفاظ انسان لانہیں سکتا ،یہ دعائیں مستقل معجزات اور دلائل نبوت ہے ،پھر پیغمبر انسانیت نے دعا میں انسانوں کی طرف سے انسانی ضروریات کی بھی ایسی مکمل نیابت کی ہے کہ قیامت تک آنے والے انسانوں کو ہرزمان ومکان میں ان دعاؤں میں اپنے دل کی ترجمانی ،اپنے حالات کی نمائندگی ،اور اپنے اطمینان کا سامان ملے گا اور بہت سی وہ ضرورتیں ملیں گی ،جن کی طرف آسانی سے ہر انسان کے ذہن کا جانا مشکل ہے‘‘۔ (مقدمہ معارف الحدیث ج۵ص۸)
واقعہ یہ ہے کہ حضورﷺکی دعائیں بڑی جامع ہوا کرتی تھیں ،جس میں دنیا وآخرت کی ہر بھلائی پنہاں اور ہر شر سے حفاظت کی ضمانت ہے ،لیکن دنیا میں اللہ کے بہت سے ایسے بندے ہیں جو ان ساری دعاؤں کو یاد نہیں رکھ سکتے، اس لئے اس حدیث میں آسان طریقہ مختصر دعا کی شکل میں بتلایا گیا ہے، جس کا سب سے بڑافائدہ یہ ہوگا کہ اس کے پڑھنے سے حضورﷺ کی تمام دعاؤ ں میں ہمارا بھی حصّہ ہوگا، اس لئے اپنی ہر دعا میں اس دعا کے اہتمام کا ضرور خیا ل رکھا جائے تاکہ حضورﷺ کی تمام دعاؤں میں ہمارا بھی حصّہ ہو۔

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا