English   /   Kannada   /   Nawayathi

یمنی باشندوں کی مدد کیلئے کنگ سلمان سینٹر نے 45 ٹرکوں پر سامان بھجوا دیا

share with us

ریاض:21؍جون2018(فکروخبر/ذرائع)الحدیدہ کے باشندوں کی مدد کیلئے شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے 45 ٹرکوں پر بنیادی ضرورت کا سامان بھجوا دیا۔ ان دنوں الحدیدہ کا پورا علاقہ گھمسان کے معرکوں کا محور بنا ہوا ہے۔ سعودی عرب کی زیر قیادت عرب اتحاد کے تعاون و اشتراک سے یمنی افواج الحدیدہ ہوائی اڈہ حوثی باغیوں سے آزاد کراچکی ہیں اب ان کے رخ الحدیدہ بندرگاہ کی طرف ہے جبکہ الحدیدہ شہر کے بعض محلوں پر بھی کنٹرول حاصل کرلیاگیا ہے۔ عرب اتحاد کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یمنی افواج کو الحدیدہ آزاد کرانے کے سلسلے میں حوثی باغیوں کی جانب سے مقامی شہریوں کو ڈھا ل کے طور پر استعمال کرنے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عرب اتحادی اور یمنی افواج کی انتہائی کوشش یہ ہے کہ شہریوں کو کسی طرح کی کوئی زک نہ پہنچے اور کسی بھی شکل میں حوثیوں کے اس حربے کو ناکام بنا دیا جائے جو وہ عام شہریوں کو ڈھا ل کے طور پر استعمال کرکے کررہے ہیں۔ دریں اثناء یمنی افواج نے ہتھیار ڈالنے والے حوثیوں اور عام شہریوں کو شہر سے پرامن طور پر نکلنے کیلئے محفوظ راہداری بھی دے دی ہے۔ دوسری جانب حوثی باغی مقامی شہریوں کو گھروں سے نکلنے سے روک رہے ہیں اور اسی کے ساتھ ساتھ سڑکوں، عمارتوں اور راہداریوں میں بارودی سرنگیں بچھا کر بسلامت نکلنے کے عمل کو ناممکن بنانے پر تلے ہوئے ہیں۔ الحدیدہ کا پورا علاقہ بنیادی ضرورت کے سامان کیلئے تڑپ رہا ہے۔ شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے اس انسانی بحران کو حل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر امدادی سامان کی ترسیل کا بندوبست کیا ہے۔ بدھ کو 45 ٹرک الحدیدہ کیلئے روانہ کئے گئے ہیں ان پر 925 ٹن کھانے پینے کی اشیاء، دوائیں، طبی لوازمات اور خیمے وغیرہ لدے ہوئے ہیں۔ شاہ سلمان مرکز کے نگران اعلیٰ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے بتایا کہ یہ کارواں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولیعہد محمد بن سلمان کی ہدایت پر روانہ کیاگیا ہے۔ شرورہ شہر سے 18 ، جازان سے 15 اور ریاض سے 12 ٹرک روانہ کئے گئے۔ الربیعہ نے توجہ دلائی کہ اب تک یمن کے تمام صوبوں میں مدد کے حوالے سے 262 منصوبے نافذ کئے جاچکے ہیں۔ الربیعہ نے انسانیت نواز بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھی یمنی عوام کی مدد کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے اطمینان دلایا کہ عرب اتحادی افواج نے یمن کی تمام گزر گاہوں کو محفوظ کردیا ہے اور امدادی قافلوں کیلئے مطلوبہ سہولتیں مہیا کردی ہیں۔ فی الوقت ایران کے حمایت یافتہ حویثوں کی جانب سے امدادی قافلوں پر حملوں کے امکانات کافی محدود ہوگئے ہیں۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا