English   /   Kannada   /   Nawayathi

ادارہ ادبِ اطفال(ماہنامہ پھول ) کی جانب سے خوبصورت عید ملن تقریب کا انعقاد 

share with us

ہزار سے زائد بچوں نے کی شرکت ، بچوں کو بہترین انعامات سے نوازا گیا

بھٹکل 20؍ جون 2018(فکروخبر نیوز) ادارہ اد بِ اطفال بھٹکل کی جانب سے جاری ہونے والے ماہنامہ ’’پھول‘‘ نے کم ہی کم مدت میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑدئیے۔ دلچسپ کہانیوں اور بچوں کے لیے دلچسپی پیدا کرنے والے کالموں کی وجہ سے بچوں کو اس کا شدت کے ساتھ انتظار رہتا ہے۔بچوں میں مزید دلچسپی پیدا کرنے کے لیے عید اور دوسرے مواقع کی مناسبت سے پروگرامات بھی منعقد کیے جاتے ہیں جس میں پھول کی جانب سے منعقد کیے جانے والے مختلف مقابلوں میں امتیازی نمبرات سے کامیابی حاصل کرنے والے بچوں کو انعامات سے بھی نوازا جاتا ہے۔ عید الفطر کی مناسبت سے ادارہ سے بچوں کے تعلق کو مضبوط کرنے کے لیے کل رات ’’ خوشحال‘‘ نوائط کالونی میں بچوں کے لیے عید ملن کی ایک خوبصورت تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بھٹکل ومضافاتی علاقوں سے ایک ہزار سے زائد بچوں نے شرکت کی۔ پروگرام میں شرکت کے لیے بچوں کے لیے داخلہ ٹوکن لازم کیا گیا تھا جو شہر کے مختلف دفتروں اور دکانوں پر دستیاب تھے۔ پروگرام کے تعلق سے بچوں کی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ پروگرام سے دوروز قبل ہی اکثر دکانوں میں رکھے گئے ٹوکن خالی ہوگئے تھے۔ نمازِ مغرب سے کچھ دیر قبل پروگرام کے لیے بچوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ مزید دلچسپی پیدا کرنے کے لیے بعد نمازِ مغرب پرلطف عشائیہ کا عشائیہ کا انتظام کیا گیا تھا جس کو بچوں نے شوق سے نوش فرمایا اور اس پر اللہ کا شکر بھی ادا کیا۔ بعد نمازِ عشاء ایک مختصر سا اسٹیج پروگرام منعقد کیا گیا جس میں بچوں نے حمد ، نعمت کے ساتھ ساتھ مکالمے بھی پیش کیے ۔ اس کے ساتھ ساتھ پچاس خصوصی انعامات رکھے گئے تھے جس کو بذریعہ قرعہ بچوں میں تقسیم کیا گیا جس میں چار سائیکلیں اور بچوں کے لیے دلچسپی پیدا کرنے والے مختلف انعامات تھے۔ پروگرام میں شہر کے مختلف اداروں کے ذمہ داروں نے شرکت کرتے ہوئے ادارہ ادبِ اطفال سے بچوں کے لگاؤ کو دیکھ کر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور نئی نسل کی اسلامی خطوط پر تربیت کے لیے کی جانے والی کوششوں کی سراہنا کی ۔ فکروخبر کے ایڈیٹر انچیف مولانا سید ہاشم نظام ندوی نے اپنے تأثرات میں ادارہ کے ذمہ داروں کی کوششوں اور کاوشوں کی سراہنا کرتے ہوئے ادارہ کے مقاصد پر روشنی ڈالی ،مولانا نے کہا کہ اس کے مقاصد میں سب سے اہم مقصد یہ ہے کہ شرعی حدود میں رہ کر بچوں کو ادبِ اسلامی اور فکرِ اسلامی سے قریب کرنے کے لیے جو طریقہ اختیار کیا جاسکتا ہے وہ کیا جائے ۔ کیونکہ بچے مستقبل کے روشن ستارے ہیں ، لہذا ابھی سے ان کی فکر کرنے پر ان کی بہتر طرز پر تربیت کی جاسکتی ہے۔ مولانا موصوف نے ادارہ کے ذمہ داروں کی خدمت میں مبارکبادی پیش کرتے ہوئے کہا کہ ا دارہ اپنے مقاصد کی تکمیل میں سرگرداں اور بڑوں کی روشنی میں کامیابی کے ساتھ ترقی کی منزلیں طئے کررہا ہے۔ مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے کہا کہ آپ جب اس سے وابستہ ہوئے ہیں تو آخر تک اس سے فائدہ اٹھائیں ۔ اس رسالہ کو پڑھنے کے بعد آپ کی معلومات میں بھی اضافہ ہو اور آپ کے اخلاق میں بھی تبدیلی آئی۔ مولانا نے پھول کے ذمہ داروں کو خصوصی مبارکبادی بھی پیش کی ۔ ادارہ ادبِ اطفال کے سرپرست مولانا محمد الیاس ندوی نے معمول سے ہٹ کر اپنے تأثرات پیش کرنے کے بجائے بچوں کی ہمت افزائی کے لیے اعلان کیے جانے والے چند انعامی مقابلوں کی تفصیلات بچوں ہی سے حاصل کیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل کے پروگراموں میں اس بات کا اعلان کیا گیا تھا کہ رمضان المبارک میں سب سے زیادہ قرآن ختم کرنے والوں کو انعامات سے نوازا جائے گا۔ مولانا نے بچوں ہی سے اس تعلق سے تمام تفصیلات حاصل کرتے ہوئے ایسے خوش نصیب چند بچوں کو اسٹیج پر آنے کی دعوت دی اور ان کی ہمت افزائی کے لیے انہی کی زبانی ان کے ختمِ قرآن کی تعداد دریافت کی جس پر بچوں نے نہ صرف اپنے جذبات کااظہار کیا بلکہ آئندہ اس سے زیادہ خیر کے کاموں میں آگے بڑھنے کا عزم بھی کیا ۔ ان کے علاوہ انجمن حامئ مسلمین بھٹکل کے جنرل سکریٹری جناب اسماعیل صدیق صاحب اور ادارہ تربیتِ اخوان کے ذمہ دار جناب سدی باپا محمد طلحہ صاحب نے بھی موقع کی مناسبت سے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔بہترین تواضع کے انتظام کے ساتھ یہ پروگرام پوری کامیابی کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا