English   /   Kannada   /   Nawayathi

سول سروسیز امتحان میں شامل عہدے؍اسامیاں

share with us

سول سروسیز امتحان رہنما سیریز

اشفاق عمر، مالیگاؤں

گذشتہ سے پیوستہ 

(اس کالم کے مصنف’’ رہنمائے سول سروسیز‘‘ نامی کتاب کے مصنف ہیں اور شہر مالیگاؤں میں ’’ثمر اکیڈمی‘‘ کے نام سے سول سروسیز رہنما کلاس چلا رہے ہیں جہاں طلبا و طالبات کی مفت کوچنگ کی جاتی ہے۔)

یو پی ایس سی سول سروسیز امتحان کا انعقاد کرتا ہے۔ اس میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو گورنمنٹ کے تقریباً 24 عہدوں پر تعینات کیا جاتا ہے۔ ہم نے پچھلے ہفتے ان سروسیز کی فہرست دیکھی تھی، اس بار ان سے متعلق کچھ معلومات حاصل کرتے ہیں۔
1 انڈین ایڈمنسٹریٹیو سروس
انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (IAS) ہندوستان کی سب سے اعلیٰ و ارفع سروس ہے۔حکومتی معاملات میں پالیسی سازی، پالیسیوں پر عمل درآمد کرنا، سول انتظامیہ، وزراء کے مشیر، مرکز اور ریاست میں نوکر شاہی کے انتظامات سنبھالناخاص اور اہم ذمہ داریاں ہیں۔ پورے ہندوستان میں کلیدی عہدوں مثلاً ڈسٹرکٹ کلکٹر، ہیڈ آف ڈپارٹمنٹس، ریاستی سطح کے پبلک انٹرپرائزیز کے سربراہ وغیرہ عہدوں پر براجمان اس سروس کے آفیسران مرکز اور ریاستوں میں نوکرشاہی (bureaucracy) کا انتظام کرنے میں ایک اہم رول ادا کرتے ہیں۔
2 انڈین فارن سروس
ہندوستانی خارجہ سروسیز(IFS) کے نمائندگان بین الاقوامی میدان میں ہمارے ملک کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہیں 160بھارتی سفارت خانوں اور مشن یا اقوام متحدہ، یونیسکو، ورلڈ بینک، سارک جیسے اداروں میں بھی تعینات کیا جاسکتا ہے۔ وطن واپسی پر انہیں اندرونِ ملک پاسپورٹ آفیسر کے عہدے پر تعینات کیا جاسکتا ہے۔
3 انڈین پولس سروس (IPS)
انڈین پولس سروس ملک کی داخلی سیکوریٹی ، عوامی تحفظ اور قانون و انتظامیہ(Law and Order) کے لیے ذمہ دار ہے۔ اس محکمے کو کئی محکموں مثلاً کرائم برانچ،سی آئی ڈی وغیرہ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ IPSآفیسر اپنے کریئر کی شروعات میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولس سے لے کر اپنے ریٹائرمنٹ کے وقت ڈائرکٹر جنرل آف پولس(ریاستی پولس کا سربراہ) کے عہدوں پر کام کرتا ہے۔
4 انڈین پی اینڈ ٹی اکاؤنٹس اینڈ فائنانس سروس، گروپ A
انڈین پوسٹ اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن اکاؤنٹس اینڈ فائنانس سروس ، محکمے کے عہدے داران گورنمنٹ آف انڈیا کے ڈپارٹمنٹ آف ٹیلی کام، ڈپارٹمنٹ آف پوسٹ، BSNL، MTNL اور دیگر وزارتوں اور قانونی محکموں میں اپنی خدمات انجام دیتے ہیں۔
5 انڈین آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس ، گروپA
انڈین آڈٹ اینڈ اکاؤنٹ سروس ملک کے کنٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل (CAG)کے تحت آتی ہے۔اس کا اہم کام انڈین ڈیفنس اکاؤنٹس سروس ( ڈیفنس سروسیز کے اکاؤنٹ اور آڈٹ کو انجام دینا) اور انڈین سول اکاؤنٹ سروس ( ریاستی حکومتوں، مرکزی حکومت اور پبلک سیکٹر یونٹس کے اکاؤنٹ کاآڈٹ کرنا) ہوتا ہے۔
6 انڈین ریوینیو سروس ( کسٹمز اینڈ سینٹرل اکسائز)، گروپA 
یہ سروس خاص طور سے کسٹم اور ایکسائز سے متعلق ہے۔اس سروس کے آفیسرز اپنے کریئر کی شروعات اسسٹنٹ کمشنر آف کسٹمز یا سینٹرل ایکسائز کے طور پر کرتے ہیں اور وہ اپنے کریئر میں چیف کلکٹر آف کسٹمزکی سطح تک پہنچ سکتے ہیں۔
7 انڈین ڈیفنس اکاؤنٹس سروس ، گروپA 
دفاعی سروسیز کے مکمل اکاؤنٹس کو سنبھالنے کی ذمہ داری انڈین ڈیفنس اکاؤنٹ سروس (IDAS) کی ہے۔تقرری کے بعد امیدوار کواسسٹنٹ کنٹرولر آف ڈیفنس اکاؤنٹ کی ذمہ داریاں دی جاتی ہیں۔ کنٹونمنٹ، اسٹیٹس اور کمانڈ ہیڈکوارٹرس کے ڈیفنس اکاؤنٹ آفس IDASکے دائرہ کار میںآتے ہیں۔
8 انڈین ریوینیو سروس (آئی۔ٹی۔) گروپA 
اس سروس کا تعلق انکم ٹیکس سے متعلق معاملات سے ہوتا ہے۔اس سروس کے ممبران اپنی سروس کی شروعات اسسٹنٹ کمشنر آف انکم ٹیکس کی حیثیت سے کرتے ہیں۔
9 انڈین آرڈیننس فیکٹریز سروس، گروپA (اسسٹنٹ ورکس منیجر،ایڈمنسٹریشن) 
دفاعی سروسیز کے لیے جنگی آلات بنانے کا کام آرڈیننس فیکٹریز میں کیا جاتا ہے۔انڈین آرڈیننس فیکٹریز سروس(IOFS) کے عہدے دار، ان فیکٹریز میں تقریباً دس سال تک اپنی خدمات انجام دیتے ہیں۔ انہیں4برسوں کے لیے آرمڈ فورس میں خدمات انجام دینے کے لیے کہا جاسکتا ہے۔
10 انڈین پوسٹل سروس، گروپA
اس سروس میں بھی کافی کشش موجود ہے کیوں کہ موجودہ زمانہ مواصلات کے میدان میں کافی تیزرفتار ہے۔ پروبیشن پریڈ میں سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پوسٹ آفس ؍ریلوے میل کے طور پر تقرری ملتی ہے۔ 
11 انڈین سول اکاؤنٹس سروس ، گروپA
مرکزی سطح پر آڈٹ کے اکاؤنٹس کی علیحدگی کے لیے نئے انڈین سول اکاؤنٹس کیڈر کی تخلیق کی گئی۔ کنٹرولر اینڈآڈیٹر جنرل آف انڈیا، اس سروس پر کنٹرول نہیں کرتے بلکہ گورنمنٹ آف انڈیا کے منسٹری آف فائنانس کے سکریٹری(Expenditure) کا اس پر اختیار ہوتا ہے۔
12 انڈین ریلوے ٹریفک سروس ، گروپA 
انڈین ریلوے ٹریفک سروس(IRTS) کے آفیسران کا خاص کام ریلوے کے ٹریفک کی نگرانی کرنا ہے۔اس میں آپریشنل اور کمرشیل دونوں پہلو شامل ہیں۔ 
13 انڈین ریلوے اکاؤنٹس سروس، گروپA 
انڈین ریلوے اکاؤنٹس سروس (IRAS ) کی درج ذیل ذمہ داریاں ہیں۔ (۱) ریلوے کے تمام تر آمدوخرچ کا اکاؤنٹ رکھنا۔ (۲) ریلوے کی مالی حالت کی دیکھ بھال کرنے کی ذمہ داری نبھانا۔
14 انڈین ریلوے پرسونل سروس ، گروپA 
ریلوے میں نئی اسامیوں کی تمام تربھرتی، ان اسامیوں کی بھرتی کی منصوبہ بندی اور personnel کے تعلق سے تقریباً تمام ہی کام میں انڈین ریلوے پرسونل سروس کی شمولیت ہوتی ہے۔
15 پوسٹ آف اسسٹنٹ سیکوریٹی کمشنر ان ریلوے پروٹیکشن فورس، گروپA 
ریلوے پولس فورس ریلوے ٹریک، ریلوے عملہ اور سازوسامان وغیرہ کے تحفظ کی ذمہ دار ہے۔
16 انڈین ڈیفنس اسٹیٹس (Estates) سروس، گروپA
کنٹونمنٹ کی انتظامیہ ڈیفنس اسٹیٹس سروس کی زیرِ نگرانی ہوتی ہے۔پروبیشن پریڈ مکمل ہونے پر کنٹونمنٹ کے ایگزیکیٹو آفیسر کلاس I اور کلاس II کی جگہ پر تقرری ہوتی ہے۔
17 انڈین انفارمیشن سروس(جونیئر گریڈ)، گروپA 
اس سروس میں حکومت کے میڈیا سے متعلق ایڈمنسٹریشن (پرنٹ میڈیا ، ایڈورٹائزنگ ایجنسی، الیکٹرانک میڈیاوغیرہ )کا شمار ہوتا ہے۔
18 انڈین ٹریڈ سروس، گروپA۔ (Gr.III)
ہندوستان کے بین الاقوامی تجارت اور معیشت کو کنٹرول کرنے کے لیے اس سروس کا قیام کیا گیا۔ اس سروس کے آفیسرزانڈین ایکسپورٹ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
19 انڈین کارپوریٹ لا سروس، گروپA 
ملک میں کارپوریٹ قوانین کی تشکیل میں شامل ہونے اور ان پر عمل آوری کے لیے حکومت نے یہ نئی سینٹرل سروس شروع کی۔ قانون، چارٹرڈ اکاؤنٹنگ اور کاسٹ آڈیٹنگ (cost auditing) کے شعبے سے منسلک افراد کو اس سروس میں تقرری دی جاتی ہے۔
20 آرمڈ فورسیز ہیڈکوارٹرس سول سروس ، گروپB (سیکشن آفیسرز گریڈ) 
آرمڈ فورس یا مسلح افواج (آرمی، نیوی، ایئرفورس) ہیڈکوارٹرس اور دیگر بین سروس محکمے ،جو کہ ڈیفنس منسٹری کے زیرتحت ہوتے ہیں، ان میں سویلین اسٹاف ہوتا ہے جو کہ انتظامیہ کے لیے ذمہ دار ہوتا ہے۔ 
21 مرکزی علاقے(Union Teritory) سول سروس اورپولس سروس 
۱) دہلی،انڈومان و نکوبار جزائر،لکش دیپ،دمن ودیو اور دادرو نگرحویلی سول سروس اور پولس سروس
۲) پانڈیچری، انڈومان و نکوبار ، لکش دیپ ، دمن و دیو ، دادر و نگرحویلی ، دہلی پولس سروسیز کا نظم و نسق
منتخب آفیسرز کی مرکزی علاقوں کے پولس ڈپارٹمنٹ اور پانڈیچری سول سروسیز میں تقرری کی جاتی ہے۔

مضمون نگار کی رائے سے ادارہ کا متفق ہوناضروری نہیں۔ 
06؍ جون 2018
ادارہ فکروخبر بھٹکل 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا