English   /   Kannada   /   Nawayathi

فلسطینوں کے خلاف جاری مظالم کے خلاف ترکی میں مظاہرے ، اسرائیلی پرچم نذر آتش

share with us

استنبول :19؍مئی2018(فکروخبر/ذرائع)ترکی کے شہر استنبول میں فلسطین کے مقبوضہ غزہ پٹی میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں ہلاکتوں کے خلاف زبردست احتجاجی ریلی منظم کی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول میں ترک صدر رجب طیب اردغان کے اعلان پر غزہ پٹی میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کے لیے ایک احتجاجی ریلی منظم کی گئی۔اس احتجاجی ریلی میں ہزاروں افراد نے فلسطینیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شرکت کی اور اسرائیل کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کیا۔ احتجاجی ریلی میں شریک افراد نے فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیل کی مخالفت میں نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ ’’ یروشلم ہماری ریڈ لائن ہے‘‘۔ اس احتجاجی ریلی کا او آئی سی اجلاس سے کچھ گھنٹے پہلے انعقاد کیا گیا تھا۔ او آئی سی کا اجلاس ترک صدر رجب طیب اردغان نے اسرائیل کے خلاف کارروائی کرنے اور امریکی سفارت خانے کے یروشلم منتقل کیے جانے کے خلاف طلب کیا تھا۔ احتجاجی ریلی میں ترکی اور فلسطین کے پرچموں کو لہراتے ہوئے ’’ یروشلم ہماری ریڈ لائن ہے‘‘ کے نعرے لگائے گئے۔ او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کے لیے آئے فلسطینی وزیراعظم رمی حمد اللہ سمیت بعض رہنماؤں اور وزراء نے ریلی میں شرکت کی۔احتجاجی ریلی میں شریک ایک نوجوان نے کہا کہ ’’ اسرائیل، امریکہ اور صیہونیت نے انسانیت کو ختم کردیا اور ان میں ذرہ برابر انسانیت باقی نہیں رہی۔ اس نوجوان نے مزید کہا کہ ’’ یروشلم فلسطین کا اٹوٹ حصہ ہے اور وہ مسلمانوں ہی سے تعلق رکھتا ہے‘‘۔ 

 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا