English   /   Kannada   /   Nawayathi

فلسطینیوں پر مظالم میں اسرائیل کیساتھ امریکا بھی شریک ہے،فلسطین

share with us

،امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی سے انتہا پسند صہیونیوں کو نیا حوصلہ ملے گا،نبیل ابو ردینہ


رام اللہ:17؍مئی2018(فکروخبر/ذرائع) فلسطینی ایوان صدر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں امریکا کی صہیونیت نوازی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فلسطینی قوم پر مظالم میں اسرائیل کے ساتھ امریکا بھی برابر کا شریک ہے۔مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ایوان صدر کے ترجمان نبیل ابو ردینہ نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں درجنوں فلسطینیوں کی شہادتوں اور ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں کے زخمی ہونے کا ذمہ دار نہ صرف اسرائیل بلکہ امریکا بھی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تل ابیب سے اپنا سفارت خانہ القدس منتقل کرنے کا اعلان کرکے فلسطینی قوم کو مشتعل کیا ہے۔ابو ردینہ کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت کے اقدامات فلسطین قوم کے خلاف اشتعال پھیلانے کی کوشش ہے۔ امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی سے انتہا پسند صہیونیوں کو نیا حوصلہ ملے گا۔ فلسطین میں یہودی آباد کاری میں اضافہ ہوگا اور بے گناہ فلسطینیوں پر مظالم بڑھ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کی طرف سے اسرائیل کی مسلسل حمایت عالم اسلام کو مشتعل کرنے، مسلم دنیا کی کھلے عام توہین اور فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق کے حصول کی کوششوں میں رخنہ ڈالنے کے مترادف ہے۔فلسطینی ایوان صدر نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کے اشتعال انگیز اقدامات نے خطے کو ایک نئی مشکل سے دوچار کردیا ہے۔ امریکی اور صہیونی عزائم کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام عرب اور مسلمان ممالک کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔ادھر فلسطینی وزیرخارجہ ریاض المالکی نے کہا ہے کہ فلسطینی حکومت امریکا کے ساتھ رابطے ختم کرنے کے اپنے فیصلے پر قائم ہے۔ ا نہوں نے کہا ہے کہ جب تک امریکا اسرائیل کی طرف داری اور فلسطینیوں کے ساتھ انتقامی پالیسی ترک نہیں کرتا اس وقت تک امریکی انتظامیہ سے رابطے بحال نہیں کیے جائیں گے۔
 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا