English   /   Kannada   /   Nawayathi

راہل کے بیان پرامت شاہ کا پلٹ وار، کانگریس نے جے ڈی ایس کو جلدبازی میں حمایت دے کر کیا تھا 

share with us

نئی دہلی:17؍مئی2018(فکروخبر/ذرائع)  کرناٹک میں بی ایس یدی یورپا کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد بھی کانگریس اور بی جے پی میں زبردست اختلافات نمایاں ہوگئے ہیں۔ بی جے پی اور کانگریس ایک دوسرے پر حملہ آور ہیں اور دونوں پارٹیوں کے لیڈران کوئی موقع گنوائے بغیر جم کربیان بازی کررہے ہیں۔  پہلے راہل گاندھی نے بی جے پی پر تنقید کی تو وہیں بی جے پی کے قومی صدر امت شاہ نے راہل کو انہیں کے انداز میں جواب دیا ہے۔کرناٹک میں بی ایس یدی یورپا کے ذریعہ وزیراعلیٰ عہدہ کا حلف لینے کے دوران راہل گاندھی نے ٹوئٹ کرکے نشانہ سادھا۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف بی جے پی "کھوکھلی جیت" کا جشن منائے اور دوسری طرف ہندوستان "جمہوریت کی شکست" کا ماتم منائے گا۔ وہیں کانگریس پارٹی کے کئی قدآور لیڈروں نے گورنر کے ذریعہ بی جے پی کو حکومت بنانے کی دعوت دینے کو جمہوریت کا قتل کہا تھا۔اب ایک ٹوئٹ کے ذریعہ بی جے پی صدر امت شاہ نے راہل گاندھی اور ان کی پارٹی کے لیڈروں کو زبردست جواب دیا ہے۔ شاہ نے لکھا کہ "جمہوریت کا قتل تو تب ہی ہوگیا تھا، جب بے صبر کانگریس نے موقع پر ست بنتے ہوئے جے ڈی ایس کی جانب اتحاد کا ہاتھ بڑھا دیا تھا۔ یہ انہوں نے کرناٹک کے لوگوں کی بھلائی کے لئے نہیں بلکہ سیاسی فائدے کے لئے کیا"کرناٹک میں جس طرح سے گورنر نے کانگریس اور جے ڈی ایس کی اکثریت کو خارج کرتے ہوئے سب سے بڑی پارٹی بی جے پی کو حکومت بنانے کی دعوت دی ہے، اس نے ملک کی سیاست میں کھلبلی مچادی ہے۔ یہ معاملہ کل رات ہی سپریم کورٹ میں گیا، جہاں نصف شب سماعت کے بعد کورٹ نے بی ایس یدی یورپا نے ریاست کے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لینے کے لئے منظوری دے دی۔ آج صبح یدی یورپا نے ریاست کے وزیراعلیٰ کے طور پر حلف بھی لے لیا ہے۔ اب انہیں آئندہ 15 دنوں میں اپنی اکثریت ثابت کرنی ہوگی۔ویسے اس بات کو لے کر کانگریس صدر راہل گاندھی بہت خفا ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا کرناٹک میں ضروری اعدادوشمار نہیں ہونے کے باوجود حکومت بنانے کے لئے بی جے پی کی غیر معمولی ضد آئین کا مذاق بنانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف بی جے پی کھوکھلی جیت کا جشن منائے گی۔ وہیں دوسری طرف ہندوستان جمہوریت کی شکست کا ماتم منائے گا۔اشوک گہلوت نے مودی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہاکہ مودی حکومت میں تمام بڑے آئینی اداروں ک کمزاور کیا گیا ہے اور بی جے پی اقتدار حاصل کرنے کے لئے جمہوریت کا قتل کررہی ہے۔ یدی یورپا کو کرناٹک کا وزیراعلیٰ بنائے جانے کے خلاف غلام نبی آزاد، اشوک گہلوت اور سابق وزیراعلی سدارمیا سمیت کانگریس ممبران اسمبلی اور لیڈروں نے اسمبلی کے باہر مہاتما گاندھی کی مورتی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس دوران سدارمیا نے کہا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیرغور ہے۔ ان کے پاس 104 ممبران اسمبلی ہیں، جو اکثریت سے کافی دور ہیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا