English   /   Kannada   /   Nawayathi

اسرائیل میں جاپانی وزیراعظم کو’’جوتے‘‘میں میٹھا پیش کرنے پر تنازع

share with us

کسی بھی ثقافت میں جوتے کو میز پر نہیں رکھا جاتا آخر اس شیف کے ذہن و دل میں کیا تھا،جاپانی تجزیہ نگار


ٹوکیو۔:08؍مئی 2018(فکروخبر/ذرائع)جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے کو اسرائیل میں پیش کیا جانے والا میٹھا تنازع کا شکار بن گیا ہے۔گذشتہ دنوں دو مئی کو وزیر اعظم آبے اور ان کی اہلیہ کو جب اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نتن یاہو اور ان کی اہلیہ سارہ نتن یاہو نے اپنی سرکاری رہائش گاہ پر عشائیے پر مدعو کیا تو انھیں ڈیزرٹ 'جوتے' میں پیش کیے گئے۔اسرائیل کے معروف شیف (باورچی)موشے سیویگ جو وزیر اعظم نتن یاہو کے ذاتی شیف بھی ہیں انھوں نے عشائیے کے اخیر میں دھات سے بنے جوتوں میں شیریں خوان پیش کیا جس میں منتخب چاکلیٹ رکھے گئے تھے۔جاپانی تہذیب و ثقافت میں جوتے کو انتہائی ہتک آمیز تصور کیا جاتا ہے۔شنزو آبے نے جوتے میں پیش کیے جانے والے ڈیزرٹ کو بغیرکسی ہچکچاہٹ کے کھا لیا لیکن جاپان کے سفیروں کو یہ بات پسند نہیں آئی۔جاپان میں لمبے عرصے تک رہنے والے ایک سینئر سفارت کار نے اسرائیلی اخبار یدیوٹ اخرانوٹ کو بتایا کہ 'یہ انتہائی غیر حساس اور احمقانہ فیصلہ تھا۔انھوں نے کہاکہ جاپانی ثقافت میں جوتے سے کم مایہ کوئی چیز تصور نہیں کی جاتی ہے۔ جاپانی نہ صرف اپنے گھروں میں بلکہ دفاتر میں بھی جوتے اتار کر داخل ہوتے ہیں۔'انھوں نے مزید کہاکہ یہاں تک کہ وزیر اعظم اور دیگر وزرا اور رکن پارلیمان بھی اپنے دفاتر میں جوتے پہن کر نہیں جاتے ہیں۔ یہ ایسا ہی ہے جیسے کسی یہودی مہمان کو خنزیر کی شکل کے برتن میں کھانا پیش کیا جائے۔'ایک جاپانی سفارتکار نے یدیوٹ اخرانوٹ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی ثقافت میں جوتے کو میز پر نہیں رکھا جاتا۔ آخر اس شیف کے ذہن و دل میں کیا تھا۔ اگر یہ مذاق تھا تو ہمیں یہ اچھا نہیں لگا۔ ہم اپنے وزیر اعظم کے ساتھ ہونے والی اس بدسلوکی پر ناراض ہیں۔'شیف سیویگ نے اپنے سوشل میڈیا پروفائل پر رات کے کھانے سے متعلق تصاویر پوسٹ کی ہیں۔ جن میں جوتوں میں پیش کئے گئے ڈیزرٹ بھی شامل تھے۔ایک ٹوئٹر صارف نے اس تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھاکہ آپ نے اپنی سب سے بڑی غلطی کر دی ہے۔'ایک دوسرے صارف نے لکھاکہ یہ ملک اس بات کو کبھی نہیں بھول سکے گا۔ سیویگ، میں تم سے بہت پیار کرتا تھا لیکن تم نے مجھے شرمندہ کر دیا۔'کئی اعزاز سے سرفراز شیف سیویگ اسرائیل کے اہم ریستوراں کے مالک ہیں۔ انھوں نے فن طباخی پر کئی کتابیں تصنیف کی ہیں اور ٹی وی سیلبریٹی ہیں۔شنزو آبے جب سنہ 2015 میں پہلی بار اسرائیل گئے تھے تو یہ کسی جاپانی وزیر اعظم کا پہلا اسرائیلی دورہ تھا۔شنزو آبے اور نتن یاہو کی حالیہ ملاقات کے دوران شمالی کوریا، ایران کے جوہری معاہدے اور اسرائیل-فلسطین امن مذاکرات پر باتیں ہوئیں۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا