English   /   Kannada   /   Nawayathi

امریکہ نے کینیڈا،یورپی ممالک سے سٹیل درآمد پر اضافی ٹیکس موخر کردیا

share with us

واشنگٹن۔یکم مئی 2018(فکروخبر/ذرائع)امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا، یورپی یونین اور میکسیکو سے اسٹیل اور المونیم کی درآمد پر عائد کیے جانے والے نئے ٹیکس کا نفاذ مزید ایک ماہ کے لیے موخر کردیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاوس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ نئے ٹیکس کا نفاذ یکم مئی کے بجائے یکم جون 2018 سے ہوگا۔امریکہ کے دونوں پڑوسی ملکوں اور یورپی یونین کے رکن ممالک سے درآمد کیے جانے والے المونیم اور اسٹیل پر اضافی ٹیکس کے نفاذ پر دی جانے والی عبوری چھوٹ کی مدت اتوار کی شب 12 بجے ختم ہورہی تھی۔وائٹ ہاوس نے اپنے بیان میں یہ اعلان بھی کیا کہ ٹرمپ حکومت کا ارجنٹائن، آسٹریلیا اور برازیل کی حکومتوں کے ساتھ مجوزہ معاہدوں پر اتفاق ہوگیا ہے جن کے تحت ان ملکوں سے کی جانے والی المونیم اور اسٹیل کی درآمد اضافی ٹیکس سے مستقل طور پر مستثنی ہوگی۔بیان کے مطابق ان معاہدوں کی تفصیلات جلد طے کرلی جائیں گی۔وائٹ ہاوس نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت کینیڈا، میکسیکو اور یورپی یونین کے ساتھ بھی اپنے جاری مذاکرات میں مزید 30 دن کی حتمی توسیع کر رہی ہے۔بیان کے مطابق ان مذاکرات کا ہدف درآمدات محدود کرنے کے لیے کوٹا مقرر کرنا، مال کی پیداواری ملک سے براہِ راست امریکہ آمد اور قومی سلامتی کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔فیصلے سے واقف ایک اعلی اہلکار نے صحافیوں کو بتایا کہ ٹرمپ حکومت کی جانب سے ان ممالک کو نئے ٹیکس سے دی جانے والی یہ آخری چھوٹ ہے اور یکم جون کے بعد اس کے نفاذ میں مزید کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 23 مارچ کو اسٹیل کی درآمدات پر 25 فی صد اور المونیم کی درآمدات پر 10 فی صد ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔تاہم انہوں نے کینیڈا، میکسیکو، برازیل، یورپی یونین کے رکن ملکوں، آسٹریلیا اور ارجنٹائن کو نئے ٹیکسوں سے ایک ماہ کی عارضی چھوٹ دے دی تھی جس کا اطلاق یکم اپریل سے ہونا تھا۔اس سے قبل صدر ٹرمپ جنوبی کوریا کے ساتھ موجود امریکہ کے 'فری ٹریڈ معاہدے' پر نظرِ ثانی کے بعد اسے بھی ان نئے ٹیکسوں سے مستقل استثنی دے چکے ہیں۔صدر ٹرمپ نے درآمدات پر یہ نئے ٹیکسز 1962 کے ایک قانون کے تحت عائد کیے ہیں جو امریکی حکومت کو قومی سلامتی کی بنیاد پر مقامی صنعتوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا