English   /   Kannada   /   Nawayathi

عمرہ کے مقدس سفر پر روانہ ہونے والوں کی بس کمٹہ میں حادثہ کا شکار ، دو افراد شدید زخمی ، بقیہ کو معمولی چوٹیں

share with us

کمٹہ 16؍ اپریل 2018(فکروخبرنیوز) عمرہ کے مقدس سفر پر روانہ ہونے کے لیے شیرور سے گوا ایرپورٹ کے لیے نکلنے والی بس کمٹہ میں حادثہ کا شکار ہونے سے دو افراد شدید زخمی جبکہ بس پر سوار دیگر افراد کو معمولی چوٹیں پہنچنے کی واردات کل رات قریب گیارہ بجے پیش آئی ہے۔ فکروخبر کے مطابق بس پر شیرور سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ آس پاس کے علاقوں کے افراد بھی سوار تھے۔ جیسے ہی بس کمٹہ پہنچی ایک موڑ پربس قریب میں موجود کھمبے سے ٹکراتے ہوئے پلٹ گئی۔ حادثہ میں زخمی افراد کی شناخت نہیں ہوسکی ہے تاہم شدید زخمی افراد کو فوری طور پر منیپال اسپتال منتقل کیا گیا ۔ بس پر سوار افراد کی کل تعداد 56بتائی جارہی ہے جن میں مردوں کے مقابلہ میں خواتین کی تعداد زیادہ تھی ۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی فکروخبرکی ٹیم بھی کمٹہ پہنچی اور مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے کمٹہ جماعت المسلمین کے ذمہ داروں سے بھی اس سلسلہ میں گفتگو کی ۔ فکروخبر سے بات چیت کرتے ہوئے جماعت کے نائب صدر جناب محسن قاضی نے بتایا گیاکہ جیسے ہی وھاٹس اپ کے ذریعہ یہ خبر ملی توفائر بریگیڈ عملہ کے ساتھ ساتھ کمٹہ جماعت کے ذمہ داروں سمیت وہاں کے اسپورٹس سینٹر کے نوجوان موقعۂ واردات پر بڑی تعداد میں پہنچ گئے اور مریضو ں کو اسپتال منتقل کیا۔ دوسری جانب نوجوانوں کی ایک ٹیم سامان کی حفاظت کرتے ہوئے اسے کمٹہ جماعت کے دفتر منتقل کیا ۔ جن لوگوں کی صحت ٹھیک تھی انہیں جامع مسجد کمٹہ منتقل کرتے ہوئے ان کی خبر گیری کی ۔ معمولی زخمی افراد کو مقامی سرکاری اسپتال منتقل کرتے ہوئے ابتدائی طبی کے بعد انہیں بھی جامع مسجد کمٹہ منتقل کیا گیا۔ اس دوران انہوں نے بتایا کہ ڈرائیور سمیت ایک خاتون کو بھی شدید چوٹیں پہنچیں ہیں جنہیں سرکاری اسپتال میں طبی امداد کے بعد منیپال اسپتال منتقل کیا گیاہے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی شیرور، بھٹکل ، مرڈیشور ، منکی اور ہوناور سے نوجوانوں کے ساتھ ذمہ داربھی بڑی تعداد میں کمٹہ جامع مسجد پہنچے اور جماعت المسلمین کمٹہ کے ذمہ داروں کے ساتھ وہاں کے نوجوانوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ایک شخص نے فکروخبر سے بات چیت کے دوران کہا کہ آج کمٹہ جماعت سے منسلک افراد نے جو عمرہ کے مقدس سفر پر جانے واالے افراد کی مدد کی وہ ناقابلِ بیان ہے۔ فوری طور پر ان کی مدد کرنے سے مسافروں نے اطمینان کی سانس لی۔ اس دوران کمٹہ جامعہ مسجد میں موجود افراد میں سے جن افراد کی صحت بگڑگئی انہیں بھی ذمہ داروں سمیت وہاں کے نوجوانوں نے قریبی اسپتال منتقل کیا اور خواتین کی خبر گیری کے لیے باقاعدہ طور پر وہاں کی خواتین نے بھی اسپتال پہنچ کر مریضوں کی مدد کی۔ کمٹہ پولیس تھانہ میں معاملہ درج کرلیاگیا ہے۔ 

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا