English   /   Kannada   /   Nawayathi

دہلی میں سیلنگ کے معاملہ پر اروند کیجریوال کا مودی اور راہل کو خط

share with us

نئی دہلی۔10مارچ2018(فکروخبر /ذرائع)  دہلی میں سیلنگ سے افراتفری کے درمیان وزیر اعلی اروند کجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر اس کے حل کے لئے قانون بنانے کی درخواست کی ہے۔ واضح رہے کہ لاجپت نگر علاقہ میں جمعرات کو بڑے پیمانے پر سیلنگ کی گئی تھی۔ اس کے بعد وہاں تاجروں نے کام بند کر کے احتجاجی مظاہرہ شروع کردیا۔
وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں کجریوال نے کہا ہے کہ دہلی میں آج کل تاجروں کی دکانیں سیل کی جا رہی ہیں۔ یہ وہ تاجر ہیں جو ایمانداری کے ساتھ 24 گھنٹے محنت کرکے اپنا کاروبار چلاتے ہیں اور حکومت کو ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ یہ بےایمان نہیں ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو ملک کی ترقی میں تعاون کرتے ہیں۔

وزیر اعلی نے لکھا ہے کہ قانون میں کچھ خامیاں ہیں اور انہیں دور کرنے کی ذمہ داری مرکزی حکومت کی ہے۔ حکومت نے بروقت ان بے ضابطگیوں کو دور نہیں کیا اور اس کا خمیازہ تاجروں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ کجریوال نے اپنے خط میں سیلنگ کارروائی روکنے کے لئے فوری طور پر پارلیمنٹ میں قانون بنانے کی مانگ کی ہے۔
انہوں نے ایک خط کانگریس صدر راہل گاندھی کو بھی لکھا ہے جس میں دکانوں کی سیلنگ سےلاکھوں لوگوں کی روزی روٹی پر بحران پیدا ہونےکی بات کہی ہے۔ خط میں کانگریس صدر سے سیلنگ کا مسئلہ پارلیمنٹ میں زور شور سے اٹھانے کی اپیل اور مرکزی حکومت کو اس مسئلہ اور بل منظور کرنے کے لیے پابندی عائد کرنےکی بات کہی گئی ہے۔ خط میں وزیر اعلی نے کہا ہے کہ اس معاملے کو سیاست سے اوپر اٹھ کر حل نکالنے کی ضرورت ہے۔ کجریوال نے وزیر اعظم اور کانگریس صدر سے اس معاملے پر بات چیت کرنے کے لئے وقت بھی مانگا ہے۔
قابل غور ہے کہ کل دھرنے پر بیٹھے تاجروں سے خطاب کرنے گئے کیجریوال نے خبردار کیا تھا کہ اگر 31 مارچ تک سیلنگ کاحل نہیں نکالا گیا تو وہ بھوک ہڑتال پر بیٹھیں گے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا