English   /   Kannada   /   Nawayathi

آئی این ایکس میڈیا کیس : 6 دونوں کی سی بی آئی حراست میں بھیجے گئے کارتی چدمبرم

share with us

نئی دہلی۔یکم مارچ2018(فکروخبر /ذرائع)  آئی این ایکس میڈیا لمیٹڈ کے ڈائریکٹر پیٹر اور اندرانی مکھرجی کے اقبالیہ بیان کی بنیاد پر سی بی آئی نے کارتی چدمبرم کو بدھ کو گرفتار کیا ۔ اس معاملہ میں جمعرات کو ایک مرتبہ پھر کارتی کو عدالت کے سامنے پیش کیا گیا ۔ عدالت نے کارتی کو چھ مارچ تک کیلئے سی بی آئی کی ریمانڈ میں بھیج دیا ہے ۔ سی بی آئی کی دلیل ہے کہ کارتی چدمبرم تفتیش میں تعاون نہیں کررہے ہیں۔

تاہم سی بی آئی کی اس دلیل کی کارتی کے وکیل نے شدید مخالفت کی ۔ کارتی کے وکیل کا کہنا ہے کہ سی بی آئی نے کارتی کو کوئی سمن بھیجا ہی نہیں، تو ایسے میں وہ کیسے کہہ سکتی ہے کہ کارتی جانچ میں تعاون نہیں کررہے ہیں ۔ سی بی آئی نے 14 دنوں کی ریمانڈ کا مطالبہ کیا تھا ، مگر عدالت نے اس کو خارج کردیا اور 6 مارچ تک کیلئے کارتی کوسی بی آئی کی ریمانڈ میں دیا ۔ سی بی آئی نے دعوی کیا ہے کہ ان کے پاس اندرانی کے ذریعہ دئے گئے پیسوں کے سبھی واوچرز موجود ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ پیٹر مکھرجی اور اندرانی مکھرجی نے الزام لگایا تھا کہ وہ سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم سے ان کے نارتھ بلاک میں واقع دفتر میں ملے تھے ۔ ان دونوں نے پی چدمبرم سے ان کی میڈیا کمپنی میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے کلیئرنس کا مطالبہ کیا تھا ۔ افسروں کے مطابق چدمبرم نے اس کے بعد ان سے کہا تھا کہ ان کے بیٹے کے کاروبار میں مدد کریں ۔ پیٹر مکھرجی اور اندرانی مکھرجی کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ دہلی میں ایک فائیو اسٹار ہوٹل میں کارتی سے ملے تھے ، جہاں انہوں نے مبینہ طور پر 10 لاکھ امریکی ڈالر کی مانگ کی تھی۔
ادھر تمل ناڈو میں کانگریس کے لیڈروں نے آئی این ایکس میڈیا لمیٹڈ کے سابق ڈائریکٹر اندرانی مکھرجی کی دماغی حالت پر سوالات اٹھائے ہیں ۔ اندرانی مکھرجی نے بیان میں الزام میں لگایا تھا کہ انہوں نے کارتی کے والد پی چدمبرم کے کہنے پر ہی کارتی کو سات لاکھ امریکی ڈالر دئے تھے۔ ویلور کوٹم میں کانگریس کے لیڈروں نے بی جے پی کے خلاف جم کر احتجاج کیا ۔ احتجاج میں تقریبا 200 کانگریسی لیڈروں نے بی جے پی کے خلاف نعرے لگائے۔ کانگریس لیڈروں نے کارتی چدمبرم کی گرفتاری کو ایک سیاسی سازش قرار دیا ۔ کانگریسی لیڈروں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اپنے گھوٹالوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہی ہے۔

Prayer Timings

Fajr فجر
Dhuhr الظهر
Asr عصر
Maghrib مغرب
Isha عشا